نئی دہلی، 19/ جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے این جی او جسٹس فار آل کی درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا ہے جس میں دہلی میں نرسری میں داخلے سے متعلق درخواست کو ایک رکنی بنچ سے بڑی بنچ میں ٹرانسفر کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس چندر شیکھر کی بنچ نے کہا کہ بڑی بنچ میں بھیجنے کی عرضی پر سماعت ایک رکنی بنچ ہی کرے گی،وہ اس درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔این جی او نے مطالبہ کیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے داخلے سے متعلق نوٹیفکیشن کو اسکولوں کی طرف سے چیلنج کیا گیا ہے جس پر ہائی کورٹ کے اصول کے مطابق صرف ڈویژن بنچ ہی فیصلہ کر سکتی ہے۔اس معاملے پر ایک رکنی جج کی بنچ سماعت کر رہی ہے۔ایل جی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ڈی اے کی زمین پر بنے 298اسکولوں کو کہا گیا ہے کہ وہ صرف اسکول سے دوری کی بنیاد پر داخلے کا فارم لیں۔اس بارے میں اہم نوٹیفکیشن کو دو اقلیتی اداروں نے بھی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔